حیدرآباد سمیت اندرون سندھ فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے اور ریلیاں اسرائیلی پرچم نذرآتش

Rally

Rally

سندھ (جیوڈیسک) فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ حیدرآباد میں جماعت الدعوۃ کی جانب سے مرکز سعد بن معاذ تلسی داس روڈ سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں جماعت الدعوۃ کے کارکنوں کے علاوہ اسکولوں، کالجز، یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے طلبا، وکلا، ڈاکٹروں، تاجر وں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعدا دمیں شرکت کی۔

ریلی کے شرکا شہر کے مختلف علاقوں سے مارچ کرتے ہوئے پریس کلب حیدرآباد پہنچے جہاں شرکا نے اسرائیلی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر جماعت الدعوۃ سندھ کے امیر فیصل ندیم، ڈاکٹر مزمل ہاشمی، المحمدیہ اسٹوڈنٹس کے فیصل امین، خالد سیف، ایس این پی کے اشرف نوناری، جمعیت علمائے اسلام (س) کے عبدالواحد خان سواتی، مسلم لیگ (فنکشنل) کے پیر اسد شاہ راشدی، جے یو آئی (ف) کے تاج محمد ناہیوں اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام عالمی ادارے ناکام ہوچکے ہیں، نواز شریف قائداعظم کے وارث ہونے کا کردار ادا کریں، سعودی عرب کو ساتھ ملاکر اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کی جائے۔

اسرائیل کو ڈیڈ لائن دیں کہ وہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرے، انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک مشترکہ دفاعی نظام تشکیل دیں ، بیت المقدس کی آزادی کیلئے کیا جانیوالا جہاد سب سے بڑا جہاد ہوگا۔ علاوہ ازیں جمعیت علمائے پاکستان کی جانب سے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف حیدرآباد میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شامل افراد نے اسرائیل کے مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی ومذہبی جماعتیں متحد ہوکر اسرائیل کے خلاف آواز بلند کریں جہاں بیگناہ افراد کو قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کی اسرائیل کیخلاف خاموشی لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسلم ممالک اسرائیل کیخلاف آواز بلند کریں۔ میرپور خاص میں جماعت الدعوۃ کی جانب سے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکز طیبہ سے میرپورخاص پریس کلب تک ر یلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔