موجودہ نظام میں منصفانہ انتخابات ممکن نہیں، عباس کمیلی

 Abbas Komeli

Abbas Komeli

حیدرآباد (جیوڈیسک) جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ موجودہ نظام میں منصفانہ انتخابات ممکن نہیں ہیں، موجودہ جمہوری نظام میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، صدر اور ایوان بالا کے اراکین کا انتخاب بھی براہ راست عوام کے ووٹوں سے ہونا چاہیے، کراچی میں فقہ جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے، وفاقی حکومت اسلام آباد کی طرح ملک کے تمام بڑے شہروں کو فوج کے حوالے کرے، وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ ملک میں موجودہ جمہوریت ایک دھوکے کے سوا کچھ نہیں ہے کیونکہ موجودہ نظام میں رہتے ہوئے منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہی ممکن نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام میں کوئی دیانتدار، مخلص اور غریب و ایماندار شخص کروڑوں روپے خرچ کئے بغیر اسمبلی میں نہیں پہنچ سکتا لہٰذا موجودہ جمہوری نظام میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کی طرح ملک کے تمام بڑے شہروں کو فوج کے حوالے کیا جائے تاکہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ ملک میں ہندوؤں اور عیسائیوں سمیت تمام اقلیتوں کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔