تحریک انصاف کا سکھر میں موٹر سائیکل قافلوں کا آغاز

Pakistan Tehreek-e-Insaf

Pakistan Tehreek-e-Insaf

سکھر (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سکھر ریجن کے زیر اہتمام 14 اگست (آزادی مارچ) میں شرکت کیلئے موٹر سائیکل قافلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے موٹر سائیکل سوار کارکنان کی بڑی تعداد نے ضلعی رہنمائوں کی قیادت میں سکھر پریس کلب پہنچ کر پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی اور قافلے کی صورت میں بلال منگی کی قیادت میں آزادی مارچ میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔

سکھر پریس کلب کے سامنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک بچانے نکالی ہے اور اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو منہ کی کھانی پڑیگی، نواز حکومت کا بادشاہی دور ختم ہونے والا ہے، پی ٹی آئی کارکنان اپنے محبوب قائد عمران خان کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

اگر پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے ایک کارکن کو بھی ہاتھ لگایا تو پنجاب حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دینگے، انہوں نے اندرون سندھ سے آزادی مارچ میں شرکت کیلئے جانے والے قافلوں پر پولیس تشدد اور بلاجواز گرفتاریوں کی مذمت بھی کی۔