ای سی سی کی سرکلر ڈیٹ کی مد میں 326 ارب ادا کرنے کی منظوری

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی پی پیز کو سرکلر ڈیٹ کی مد میں تین سو چھبیس ارب روپے کی ادائیگی کی منظوری دے دی۔ آئی پی پیز کو رمضان المبارک میں بجلی کی پیداوار بڑھنا ہوگی۔ دو ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری بھی دے دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ آئی پی پیز کو مختلف اقساط میں326 ارب روپے ادا کئے جائیں گے. پہلے مرحلے میں 194 ارب روپے جاری ہوں گے۔جبکہ آئی پی پیز کورمضان المبارک کے دوران بجلی کی پیداوار 1700 میگاواٹ تک بڑھانا ہو گی اور 16 ماہ میں بجلی کی پیداوار کو تیل سے کوئلے پر منتقل کرنا ہو گا۔

اجلاس میں نندی پور پاور پراجیکٹ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،، اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے اور ایل این جی پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔

رمضان المبارک میں یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، چینی، دالیں، چاول، چائے کی پتی، نمک، کھجوریں اور مشروبات سمیت 15 سو سے زیادہ کھانے پینے کی اشیا پر 10 سے 15 فیصد تک رعایت دی جائے گی،،، ملک بھر میں موبائل یوٹیلٹی اسٹورز اور رمضان بازار بھی قائم کئے جائیں۔