آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے آئندہ بجٹ کا خاکہ مانگ لیا

IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے آئندہ مالی سال 2014-15 کے وفاقی بجٹ کے ابتدائی خدوخال طلب کرلیے ہیں جس کے لیے آئندہ ماہ اپریل میں پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔

اس ضمن میں وزارت خزانہ کے سینئر افسر نے بتایا کہ آئی ایم ایف جائزہ مشن آئندہ ماہ اپریل میں پاکستان آئے گا۔ دوسری زیر غور تجویز یہ ہے کہ آئی ایم ایف مشن کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں آئندہ ماہ واشنگٹن میں ہونے والے آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہی سائیڈلائن میٹنگز میں اقتصادی جائزے کے ساتھ ساتھ بجٹ سازی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال مکمل کر لیا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی طرف سے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالے سے ابتدائی خدوخال پیش کیے جائیں گے اور آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط پوری کرنے کے لیے اگلے بجٹ میں اقدام بھی شامل کیے جائیںگے اور آئی ایم ایف کی طرف سے آئندہ ماہ پاکستان کے اقتصادی جائزے اور مذاکرات کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے جس میں آئی ایم ایف یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ پہلے مرحلے کے تحت ٹیکسوں میں چھوٹ کے حامل کتنے ایس آر اوز واپس لیے جاتے ہیں۔