آئی ایم ایف سے وعدے، وزارت خزانہ نے خط جاری کر دیا

IMF

IMF

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ نے قرضے کیلئے آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط جاری کر دیا ہے جس میں بجلی پر سبسڈی ختم کرنے اور ہر سال ٹیکس کی شرح میں ایک فیصد اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ نئے قرضے کیلئے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کے نام لکھے گئے خط میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اگلے تین سال کے دوران بجلی پر دی جانی والی سبسڈی ختم کر دی جائے گی۔

ہر سال ٹیکس کی شرح میں ایک فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔ رواں سال کے آخر میں نئی گیس لیوی عائد کی جائے گی خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بجٹ خسارہ کم کرنا مشکل ثابت ہو رہا ہے لیکن بجٹ خسارہ ساڑھے تین فیصد تک لے جایا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک اپنی مانیٹری پالیسی میں ردوبدل کرے گا۔

اور حکومت کو براہ راست قرض نہیں دے گا۔ مہنگائی کی شرح 6 فیصد تک کی جائے گی۔ بینکوں میں ڈپازٹ کی انشورنس اسکیم شروع کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر ایک لاکھ روپے سے زائد کے ڈپازٹس پر انشورنس دی جائے گی۔ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک جامع معاشی پروگرام تشکیل دیا گیا۔ خط میں یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ نئی پالیسیاں پروگرام کے مقاصد پورے کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔