’یہ انتہائی شرم کی بات ہے‘، عمران عباس شادی کی مسلسل خبروں پر پھٹ پڑے

 Imran Abbas

Imran Abbas

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار عمران عباس نے اپنی شادی کی خبروں سے تنگ آکر فیس بک پر طویل کیپشن کے ساتھ پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔

عمران عباس گزشتہ چند ماہ سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کی زد میں ہیں۔ یوٹیوبرز آئے دن ان کی شادی کسی نا کسی ساتھی اداکارہ کے ساتھ کرواکر جعلی تصاویر وائرل کررہے ہیں۔

کچھ روز قبل اداکار کی اشنا شاہ سے شادی کی خبریں وائرل ہورہی تھیں جس کی انہیں وضاحت دینا پڑی جب کہ اب عمران کو یوٹیوبرز کی جانب سے عروہ حسین کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔

فیس بک پر جاری پیغام میں اداکار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘علیزے، صبور اور اشنا کے بعد اب عروہ حسین، رواں برس جنوری سے لے کر یہ اب تک کی میری چوتھی شادی ہے’۔

انہوں نے سوال کیا کہ ‘ان بلاگرز کو کوئی اور کام نہیں ہے کیا؟ یا یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے کوئی اور کام نہیں ہے’۔

عمران عباس نے پوچھا کہ ‘کیا ہم ان کے خلاف کوئی کارروائی کر سکتے ہیں؟ یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ کسی بھی اداکار کا نام اس کے ساتھی اداکار کے ساتھ جوڑا جائے’۔

اداکار نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘برائے مہربانی ان تمام یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا پر موجود پیجز کو ان سبسکرائب کردیں تاکہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہو’۔

دوسری جانب اداکارہ اشنا شاہ نے عمران عباس کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور لکھا کہ ‘کبھی کبھی ہم ایسی باتوں پر ہنستے ہیں لیکن یہ ہمیشہ مزاحیہ نہیں ہوتا’۔

اشنا نے کہا ‘یہ خبریں ہماری فیملی کے واٹس ایپ گروپ میں آتی ہیں جو کافی پریشان کن اور مصیبت میں ڈال دینے والی ہوتی ہیں، آپ لوگ کیا یہ سب روک نہیں سکتے؟’