عمران خان نے ایک کارکن کی موت کو بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے استعمال کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے افسوس ہے کہ عمران خان نے ایک کارکن کی موت کو بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق سامنے آنے پر ہو سکتا ہے کہ عمران خان کو اپنے کہے پر پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ تنقید سے پہلے عمران خان خیبرپختونخوا میں اپنی کارکردگی پر ضرور نظر ڈال لیا کریں۔ میرٹ حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے’ عمران خان میں نہ مانوں کی پالیسی چھوڑ دیں۔یہ بات صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے عمران خان کے بیان کے ردعمل میں آج جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں منفی وطیرہ عمران خان کی سیاست کا محور بن گیا ہے اور وہ ہر مسئلے پر بلا سوچے سمجھے طبع آزمائی کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تبدیلی کے نعرے اب مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔

عوام پر ان کی اصلیت عیاں ہو چکی ہے۔ لاہور کی فلاپ ریلی اس کی ایک مثال ہے جس میں عوام نے شرکت نہ کر کے ان کی پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے۔