نامکمل علم اور آگہی دراصل علت ہے ,الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ علت، علم وآگہی کی نفی ہے۔ علت مجموعہ ہے خباثت، جھوٹ، مکر، فریب اور لعنت کا۔ جہاں علت ہوگی وہاں علم نہیں ہوگا بلکہ بے مقصد باتیں اور حقائق سے دوری ہوگی، زمینی حقائق سے دوری ہوگی اور ہرحقیقت سے دوری ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کے ارکان کی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

الطاف حسین نے کہاکہ جو لوگ صحیح معنوں میں تحقیق وجستجو کیے بغیر اورصحیح معنوں میں علم حاصل کیے بغیر آگہی کا دعوی کرتے ہیں ان کا یہ دعوی دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔ نامکمل علم اورآگہی دراصل علت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے گزشتہ 66 برسوں میں ہم چار کتابیں پڑھ کر اور علم کی تھوڑی بہت آگاہی سمجھ کر دیگر باقی ماندہ کروڑوں پاکستانیوں پر حکومت کرنے اور حکومت چلانے کے طریقے بتاکر قوم کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو دراصل علم کی معراج نہیں بلکہ علت کا ماحاصل ہوتا ہے ۔

بدقسمتی سے 66 برسوں سے جاری ہمار ایہ طرز عمل کروڑوں پاکستانیوں کو علم اورعلت کی بھول بھلیوں میں اس طرح گھیر چکا ہے کہ پاکستانیوں کی اکثریت کو صحیح نتائج اوربرے نتائج کی حامل باتوں کا فرق سمجھ میں نہیں آتا۔ ہم سب علم کی حقیقی روح سے بہت دور اس جگہ جاچکے ہیں جہاں اجالا کبھی نمودار نہیں ہوگا بلکہ وہاں اندھیرا اور صرف اندھیرا رہے گا تاوقتیکہ ہم علم اورعلت کے حقیقی کے معنوں کو سمجھ کر اس پر عمل پیرا ہونے کی عملا کوشش کریں۔