بھارت میں تباہ کن بارشیں، 73 افراد ہلاک

India

India

بھارت کے مختلف علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے تہتر افراد ہلاک ہو گئے۔ راستے بند ہو جانے کے باعث مذہبی مقامات پر یاترا کے لئے جانے والے یاتریوں سمیت بہتر ہزار افراد پھنس کر رہ گئے ہیں۔ بھارت میں چار روز سے جاری طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ بارش اور سیلابی ریلوں میں بہہ کر ساٹھ سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اور پچاس افراد لاپتہ ہیں۔

بھارت کی شمالی ریاستوں خصوصا اتر کھنڈ، ہماچل پردیش اور ہمالیہ کی دو ریاستوں میں وقت سے پہلے شروع ہونے والی مون سون بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ متعدد علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب سے سڑکیں، پل، مکانات، اور مندر بہہ گئے۔ چار دام کی زیارت کو جانے والے ساٹھ ہزار ہندو یاتری لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کی وجہ سے راستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پھنسے والوں میں مشہور کرکٹر ہربجن سنگھ اور ان کا خاندان بھی شامل ہیں۔ فوج اور نیم فوجی دستے، فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

جمنا کی قریبی بستیوں کے رہایشیوں کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اتر پردیش میں بھی بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ ہریانہ میں امدادی ٹیموں نے باون دیہاتیوں کو سیلابی پانی سے نکالا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی بارشیں دو ہفتے تک جاری رہیں گی۔