بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ باغیوں کے حملے، 5 فوجیوں سمیت 12 افراد ہلاک

Indian

Indian

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں نے فوجی قافلے اور انتخابی عملے پر حملے کر کے 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد کو ہلاک کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھتیس گڑھ میں پولنگ کا عملہ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد واپس جا رہا تھا کہ ماؤ نواز باغیوں نے ان کی گاڑی کو بجا پور میں دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ ماؤ نواز باغیوں نے چھتیس گڑھ میں ہی دربھا کے علاقے میں بھارتی فوج کی گاڑی کو نشانا بنایا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب ماؤ نواز باغیوں نے انتخابی عمل کو ناکام بنانے کی دھمکی دی ہے۔ ایک ہفتہ قبل بھی چھتیس گڑھ میں ماؤ باغیوں سے مقابلے میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔