انٹیلی جنس معلومات مجرموں کو پہنچ گئیں، خفیہ اداروں کی بریفنگ

PM Nawaz Sharif

PM Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم کو خفیہ اداروں کے سربراہان کی بریفنگ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی پولیس کو مہیا کی جانے والی انٹیلی جنس معلومات مجرموں کو پہنچا دی گئیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ٹارگٹ کلرز کی سرپرستی سیاسی جماعتیں اورفرقہ وارانہ تنظیمیں کر رہی ہیں۔ کراچی وزیراعظم میاں نواز شریف کو ڈی جی آئی بی طارق سرفراز اور ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر السلام نے کراچی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کے سربراہان نے بتایا کہ کراچی میں تحریک طالبان پاکستان اور جند اللہ گروپ سرگرم ہیں۔ ٹی ٹی پی اور القعدہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

شہر میں لشکر جھنگوی اور لیاری کے جرائم پیشہ گروپ مل کر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 458 ٹارگٹ کلرز کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی سرپرستی سیاسی جماعتیں اور فرقہ وارانہ تنظیمیں کر رہی ہیں۔ سانحہ عباس ٹان اور جسٹس مقبول باقر پر حملے کے ملزمان کی نشاندہی بھی خفیہ اداروں نے کی۔ بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ پولیس کو مہیا کی جانے والی انٹیلی جنس معلومات مجرموں کو پہنچا دی گئیں۔