کراچی : فائرنگ کے واقعات، نیول کیپٹین سمیت 11 جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم کی موجودگی کے باجود فائرنگ اور تشدد سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، آج مختلف واقعات میں نیوی کے کیپٹن اور پولیس اہلکار سمیت 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ نیول افسر کیپٹن ندیم اور ان کی اہلیہ پانی کار پر اپنے گھر سے پی این ایس جوہر ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل سواروں نے نیشنل سٹیدیم کے قریب اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کیپٹن ندیم شہید ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ ثمینہ زخمی ہو گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نیول حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ نیول حکام نے کار اپنی تحویل میں لے لی۔

اورنگی ٹان مومن آباد کے علاقے میں فائرنگ سے ایک اعجاز جاں بحق ہو گیا۔ اورنگی ٹائون گلشن بہار میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار حاجی جاید شامل ہے۔ چنیسر گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ایاز جاں بحق ہو گیا اس واقعہ کے بعد لواحقین نے کالا پل کے قریب کورنگی روڈ پر احتجاج شروع کر دیا اور سرک ٹریفک کے لئے بند کر دی۔

پولیس نے ٹریفک متبادل سڑک پر موڑ دی۔ شاہ فیصل کالونی تین نمبر میں فائرنگ سے تیس سالہ عمیر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش مزید کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی۔ نیپیئر تھانے کے علاقے پرانا حاجی کیمپ اور پاک کالونی تھانے کے حدود میں میانوالی کالونی سے بھی ایک لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ پولیس نے لاشیں ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔