ایران: تیل مہنگا ہونے پر گدھوں کے استعمال میں اضافہ

Donkeys

Donkeys

ایران (جیوڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے گدھوں کی آبادی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ایران میں بہت سارے دیہاتیوں اور کسانوں نے سردیوں کے آمد پر مہنگے تیل کے سبب مال برداری کے لیے گدھے خریدنے شروع کر دیے ہیں۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کی وجہ سے ایرانی کے دیہاتوں میں ایک بار پھر گدھوں کے استعمال کا رحجان بڑھ رہا ہے۔ خاص طور پر ملک کے شمالی مشرقی پہاڑی علاقے میں گدھوں کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم اس کے ساتھ بعض شہروں میں بھی یہ رجحان دیکھنے کو ملا ہے۔

جانوروں کے لیے یہ اچھی خبر ہے کیونکہ سردیوں سے پہلے ان کا استعمال بالکل بند کر دیا جاتا تھا اور اس کی ایک وجہ سردیوں میں ان کا مہنگا چارہ تھا۔ سردیوں سے پہلے بعض دیہاتی اپنے گدھوں کو جنگلوں میں کھلا چھوڑ دیتے تھے جہاں ان میں سے کئی سردی کی وجہ سے مر جاتے تھے۔

رواں سال اپریل میں ایرانی حکومت نے مشکلات سے دوچار معیشت کو سہارا دینے کے لیے تیل پر دی جانے والی رعایت کم کر دی تھی۔ اس اقدام کے نتیجے پر صارفین بری طرح متاثر ہوئے تھے کیونکہ اس سے تیل کی قیمتوں میں 75 فیصد تک اضافہ ہو گیا تھا۔

اس کے علاوہ رواں سال ایرانی شہریوں کو پانی اور بجلی کے بلوں میں اضافے پر بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکہ سیمت کئی مغربی ممالک نے ایران کے جوہری پروگرام کی وجہ سے اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے اس کی تیل کی برآمدات کافی متاثر ہوئی ہیں اور ایرانی کرنسی کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی۔