ایران میں ہم سے جنگ کرنے کی ہمت نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ایران ہم سے جنگ نہیں کر سکے گا۔ انہوں‌ نے یہ بات مشرق وسطیٰ میں مزید 1500 فوجیوں کی تعیناتی کے اعلان کے موقع پر کہی۔

صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران دنیا بھر میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا ملک ہے۔ اس لیے امریکا کسی صورت میں ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اضافی فوج کی تعیناتی کے فیصلے میں ان کی انتظامیہ کی اکثریت کی رائے شامل ہے اور اس کامقصد صرف امریکی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں تھوڑی تعداد میں مزید فوج تعینات کی جا رہی ہے۔

اسی سیاق میں امریکی حکام نے خبر رساں ادارے ‘اے پی’ کو بتایا کہ کانگریس کو بتا دیا گیا ہے کہ حکومت مشرق وسطیٰ میں اضافی نفری تعینات کرے گی۔ اس حوالے سے پینٹاگون کی تجویز پر وائیٹ ہائوس میں آج ہفتے کو اہم اجلاس بھی ہوگا۔

‘اے پی’ کے مطابق امریکی حکومت آئندہ چند ہفتوں کے دوران مشرق وسطیٰ میں 1500 مزید فوجیوں‌ کی تعیناتی کو یقینی بنائے گی تاکہ امریکی مفادات کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔