ایرانی مذہبی رجیم دم توڑ رہی ہے، عالمی طاقتیں اس کی مدد نہ کریں: رضا پہلوی

Raza Pahlavi

Raza Pahlavi

ایران (اصل میڈیا ڈیسک) شاہ ایران کے سابق ولی عہد رضا پہلوی نے ایرانی عوام کے جاری مظاہروں اور ہڑتالوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام کی گردوں پر مسلط مذہبی ٹولے کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مغربی ممالک کو دم توڑتی ایرانی آمریت کی حمایت کرنے کے خلاف متنبہ کیا۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ “ایران میں نوجوان اور مزدور اپنے حقوق ، وقار اور آزادی کے مطالبے کے لیے مظاہرے اور جدوجہد کر رہے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے مستقبل اور ہماری قوم کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ غیرملکی طاقتوں کو سفارتی تعلقات کی آڑ میں ایرانیوں کی خواہشات کے خلاف کام کرنے والے ایک ایسے آمرانہ نظام کی حمایت نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ ایران میں تیل اور گیس کے شعبے کی کمپنیوں کے ملازمین کی پانچ روز سے جاری ہڑتال کے بعد مزید کئی کمپنیاں بھی احتجاج کا حصہ بن گئی ہیں۔ ہڑتال کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

ایرانی حزب اختلاف کی رہنما مریم رجوی نے بھی زور دے کر کہا کہ مزدور احتجاج کا تسلسل حکومت کا تختہ الٹنے کی عوامی خواہشات کا یقینی ثبوت ہے۔