حکومت نے ظلم میں آمروں کو پیچھے چھوڑ دیا تنویر رندھاوا

Punjab Government

Punjab Government

فیصل آباد (جیوڈیسک) پنجاب حکومت کے ایماء پر انتظامیہ اورپولیس کی طرف سے وکلاء اور شریف شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، ان چھاپوں کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کر نے کے ساتھ ساتھ، وکلاء اور شریف شہریوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹر کٹ بار کے صدر تنویر الرحمن رندھاوا نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران انقلاب مارچ اور آزادی مارچ جیسے پرامن احتجاج کو ٹیبل پر حل کرنے کے بجائے عوام کو سول نافرمانی پر اکسا رہے ہیں۔

حکومت نے پورے ملک کو پولیس اور ایجنسیوں کی مدد سے یرغمال بنا کر بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور حکومت ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے، لوگوں کی غیر آئینی وغیر قانونی پکڑ دھکڑ، جس کی مثال کسی آمریت کے دور میں بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے وارننگ دی کہ اگر کسی وکیل یا شہری کو گرفتار کیا گیا تو فیصل آباد کے وکلاء حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔

آخر میں ڈسٹرکٹ بار کے سیکرٹری اعجاز احمد واہلہ نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کے ہوش کے ناخن لے اور تمام مسائل کو افہام وتفہیم سے حل کرے۔ اس موقع پر 12 اور 13 اگست کو مکمل ہڑتال کا بھی اعلان کیا گیا۔