اٹلی میں کورونا وائرس سے ایک دن کے اندر 627 ہلاکتیں، 47 ہزار افراد متاثر

Itlay Coronavirus Patient

Itlay Coronavirus Patient

میلان (اصل میڈیا ڈیسک) اٹلی میں ایک دن میں کورونا وائرس سے 627 افراد کی ہلاکت وبا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4032 ہو گئی یورپ میں وائرس سے ہونے والی اموات 5000 سے تجاوز کر گئیں جب کہ جرمنی اور اسپین میں بھی وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک کی سول پروٹیکشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ اٹلی میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں 14.6 فی صد اضافہ ہوا ہے اور وائر کے مریضوں کی مجموعی تعداد 47021 ہوچکی ہے۔ اٹلی میں گزشتہ ماہ سے وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث اٹلی میں پہلے ہی عوام کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے پہلے لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا تاہم جمعے کو وزارت صحت نے ملک بھر کے پارک اور باغات بھی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

جمعے کو یورپ کے دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اسپیں میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 1000سے تجاوز کرگئیں۔ ملک میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 19980 ہوچکی ہے۔

دوسری جانب فرانس میں کورونا وائرس سے 78 اموات کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 450 ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں متاثرین کی تعداد میں 15 فی صد اضافہ ہوا ہے اور ان کی کل تعداد 12612 ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں کورونا وائرس سے اموات میں 21 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائر سے 40 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 177 ہوگئی ہے۔ صرف لندن میں وائرس سے 18 ہلاکتیں ہوئیں۔ وبا کی روک تھام کے لیے وزیر اعظم بورس جانسن نے برطانیہ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ریستوران، جم اور عوامی مقامات کو بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے وبا سے پیدا ہونے والے بحران میں ایسے افراد کو 80 فی صد تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کیا ہے جن کا کام وبا کے باعث متاثر ہو رہا ہے۔