جماعت اسلامی لاہور کے زونل صدور اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

لاہور : جماعت اسلامی لاہور کے زونل صدور اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور میاں مقصود احمد صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر وسیم اختر صاحب(پارلیمانی لیڈر) اور نائب امیر صوبہ وقار ندیم وڑائچ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر درج ذیل قرارداد منظور کی گئی ۔یہ اجلاس کئی روز سے لاہور شہر خصوصاً ماڈل ٹائون ،فیصل ٹائون اور گارڈن ٹائون ایریا میں راستوں کو کنٹینر لگا کر آمدو رفت کے لئے سیل کرنے کی مذمت کرتا ہے ۔ اس علاقے کے عوام محبوس ہر کر رہ گئے ہیں ۔ اب دو روز سے چھوٹی چھوٹی گلیوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے جس سے لوگ روز مرہ کی خوردو نوش کی اشیاء بھی نہیں خرید پا رہے ۔ بیماروں کو ادویات کی فراہمی اور انہیں ہسپتال پہنچانا نا ممکن ہو گیا ہے ۔ ملازمین دفتر میں نہیں پہنچ سکتے ۔ شادی اور غمی کی تقریبات میں رشتہ دار شریک نہیں ہو سکے ۔ سواریوں کا گزرنا تو کجا پولیس پیدل چلنے والوں کو بھی گھر سے باہر نہیں نکلنے دے رہی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس علاقے کے باسی کسی پارٹی کی طرف سے کسی قسم کے غیر آئینی اقدامات اور سرگرمیوں کے حامی نہیں ہیں لیکن حکومتی اقدامات اور پولیس کے متشدد انہ رویے سے ان کے اندر تیزی سے یہ احساس جنم لے رہا ہے کہ کسی اور کی سزا دراصل انہیں دی جارہی ہے۔ یہ اجلاس حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس علاقے سے کنٹینر فوری طور پرہٹا کر راستے کھول دیے جائیں تا کہ زندگی معمول پر آ سکے ،قبل اس کے کہ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو جائے اور کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما ہو جائے۔ یہ اجلاس مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان جناب سراج الحق کی مو جودہ حالات میں مفاہمتی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتاہے ۔ حکومت اور سیاسی پار ٹیوں کو ان کی تجاویز پر عمل کر کے ملک و قوم کو غیر یقینی حالات سے نکال کر ملک میں ساز گار فضا پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔