قلات : جوہاں میں لیویز تھانے اور ریسٹ ہاوس پر حملہ، 5 اہلکار اغوا

Kalat

Kalat

کوئٹہ(جیوڈیسک) قلات کے علاقے جوہاں میں مسلح افراد نے لیویز تھانے اور ریسٹ ہاوس کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا، 5 لیویز اہلکار اغوا جبکہ علاقے کے سینکڑوں مکینوں سے شناختی کارڈ چھین لئے گئے۔ پنج گور میں ہائی اسکول اور سیاسی رہنما کے گھر پر دستی بم کے حملوں میں جانی نقصان نہیں ہوا۔

لیویز ذرائع کے مطابق قلات سے 40 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع علاقے جوہاں میں نامعلوم افراد نے لیویز تھانے پر موجود عملے رسالدار خالقداد، دفعدار عبدالکریم، دفعدار سیف اللہ ، وائرلیس آپریٹر یونس اور کلرک بابو بادشاہ کو اغوا کیا جس کے بعد لیویز تھانے اور ریسٹ ہاوس کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا۔

مسلح افراد جوہاں کے 500 سے زائد علاقہ مکینوں سے ان کے شناختی کارڈ بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ پنج گور کے علاقے تسپ میں نامعلوم افراد نے ہائی اسکول کی عمارت پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ہائی اسکول عام انتخابات کیلئے مجوزہ پولنگ اسٹیشن ہے۔ تسپ ہی میں نیشنل پارٹی کے رہنما کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم اس حملے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔