کراچی : ہارون آباد میں پولیس آپریشن، 75 مشتبہ افراد زیر حراست

Karachi Police

Karachi Police

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں گزشتہ روز پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا ،جس کے بعد پولیس کی جانب سے سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کر کے 75 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں کھڑی ہو ئی پولیس موبائل پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فا ئرنگ کردی تھی،جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جان بحق ہوگئے تھے ،واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رہائشی مکانات ،مسافر خانوں اور دیگر مقامات پر چھاپے مار کر 75 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

زیر حراست ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، ایس پی سائٹ سید علی آصف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ زیر حراست ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا ہے لیکن کارروائی کے دوران کچھ ایسے ملزمان کو پکڑا گیا ہے جو جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں،پولیس آپریشن کے دوران ریپڈ ریسپونس فورس کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔