کراچی میں فائرنگ، نیوی کیپٹن، پولیس افسرسمیت 11 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں وزیر اعظم کی موجودگی کے باوجود شہر میں دہشت گرد دندنا رہے ہیں، آج بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں نیوی کیپٹن، پولیس افسر اور رینجرز اہلکار سمیت گیارہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

کراچی میں امن وامان کی بحالی کیلئے ایک طرف تو وزیراعظم قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سربراہان اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور دوسری جانب ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق تازہ واقعے میں لیاری کے علاقے نیا آباد سے ایک شخص لاش ملی ہے۔ کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب گاڑی پر نا معلوم افراد کی فائرنگ سے پاک بحریہ کے کیپٹن اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئے۔ کیپٹن ندیم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتیہوئے جاں بحق ہوگئے۔ ڈی آئی جی طاہر نوید کا کہنا تھا کہ کیپٹن ندیم پر حملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

اورنگی ٹان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ صبح سویرے چنیسر گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پاک کالونی کے علاقے میاں والی کالونی سے ایک شخص کی نعش ملی جس کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ شاہ فیصل کالونی تین نمبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پرانا حاجی کیمپ کے قریب سے ایک شخص کی نعش ملی جسے اغوا کے بعد تشدد کرکے قتل کیا گیا۔