کراچی : لیاری میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق،27 زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں بزنجو چوک پر فٹ بال میچ کے اختتام پر ہونے والے دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔ لیاری کے علاقے میں جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب بزنجو چوک پر فٹبال کا فائنل میچ ختم ہوا ہی تھا اور جیتنے والی ٹیم ٹرافی اٹھائے جیت کا جشن منارہی تھی کہ اچانک پوراعلاقہ زور دار دھماکے سے گونج اٹھا اور پل بھرکی خوشیاں زندگی بھرکے غم میں بدل گئیں۔

دھماکیسے قریبی نالے پر کھڑی گاڑی چھت ٹوٹنے کے باعث نالے میں جاگری جبکہ بم کے ذرات بال بیئرنگ اور چھرے لگنے سے زخمی ہونے والوں کو لیاری جنرل اسپتال اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔دھماکے کے مقام پر صوبائی وزیر برائے کچی آبادی جاوید ناگوری کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، تاہم وہ محفوظ رہے، ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس ایس پی سٹی طارق دھاریجو نے ذرائع کو بتایا کہ موٹر سائیکل پرنصب بم کوریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔

دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل فیروز آباد کے علاقے سے چوری کی گئی تھی، جبکہ دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کا ٹارگٹ فٹ بال میچ میں شریک افراد اور صوبائی وزیر برائے کچی آبادی جاوید ناگوری تھے۔ تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے، مگر ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے لیاری دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔