کراچی میں امن بحالی میری خواہش ہے، ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے نومنتخب صدر ممنون حسین کا کہنا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے ملک اور خصوصا کراچی میں امن وامان کا مسئلہ حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صدر منتخب ہونے کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ملک میں امن وامان کی بحالی کی خواہش کے دوران سب سے پہلے انکے ذہن میں کراچی آتا ہے جو ان ہی کا شہر ہے۔ ماضی میں جرائم کی بیخ کنی کے لیے بھرپور کارروائی نہیں کی گئی کیونکہ ان جرائم پیشہ، قبضہ مافیا اور بھتا لینے والے گروپوں کوسیاسی پشت پناہی حاصل ہے اور یہ بات سپریم کورٹ کے فیصلوں میں بھی بتائی گئی ہے۔

تب تک حالات بہتر نہیں ہو سکتے جب تک ایسے عناصرکو کیفرکردار تک نہیں پہنچا دیا جاتا۔ ممنون حسین کا کہنا تھا کہ وہ صوبوں میں جا کر انھیں یہ احساس دلائیں گے کہ باہمی ہم آہنگی سے بہت سارے مسئلے حل کیے جا سکتے ہیں۔ ماضی میں دیکھا کہ صوبے پانی کے مسئلے پر لڑتے رہے۔ ممنون حسین نے کہا کہ یہ ان کی خواہش ہے کہ جب صوبوں کے مابین کسی بات پر اختلاف پیدا ہو تو وہ اسے حل کرنے میں کردار ادا کر سکیں۔ اپنی جائے پیدائش بھارتی شہر آگرہ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کہ جب بھارت کے ساتھ بات چیت کا آغازکیا جائے تو وہ اس کا حصہ ہوں۔