کراچی، دہشتگردوں کی فائرنگ، جاں بحق پولیس اہلکاروں کی تعداد 6 ہو گئی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے، شرافی گوٹھ میں دہشتگردوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار جبکہ منگھو پیر اور کھارادر میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔

کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل افضل، ہیڈ کانسٹیبل غلام شبیر اور کانسٹیبل زوالفقار جاںبحق ہوا جبکہ کانسٹیبل اسلم شدید زخمی ہوا۔زخمی اہلکار کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 6 سے زائد تھی جنہوں نے پولیس موبائل کو گھیر کر فائرنگ کی جبکہ جائے واردات سے مختلف اسلحے کی گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ ایس پی ملیر ڈاکٹر نجیب کا کہنا ہے کہ پولیس موبائل معمول کی ڈیوٹی پر تعینات تھی جبکہ حملہ آور جائے واردات سے متصل ملیر ندی کی جانب فرار ہوئے ہیں۔

منگھو پیر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوا جبکہ کھارادر میں فائرنگ کا زخمی رات گئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ابو الحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ سے سید مظہر جاں بحق ہو گیا۔