کراچی : پرتشدد واقعات میں سب انسپکٹر، 2 سٹی وارڈنز سمیت 10 افراد جاں بحق

Karachi Violence

Karachi Violence

کراچی(جیوڈیسک)میں فائرنگ کے واقعات میں سب انسپکٹر اور 2 سٹی وارڈنز سمیت دس افرادجاں بحق ہو گئے۔ لائنز ایریا میں آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاجا سڑک پر ٹائر جلا کر اسے ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔کراچی کے علاقے ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے سٹی وارڈن کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 سٹی وارڈنز جاں بحق اورایک زخمی ہو گیا۔

جاں بحق ہونے والے سٹی وارڈنز کی شناخت عباس اور سجاد کے نام سے کر لی گئی جبکہ شہزاد زخمی ہو گیا۔ صدر میں فائرنگ کر کے مقامی تاجر مولانا ظفر کو قتل کر دیا گیا۔ ماڑی پور روڈ پر فائرنگ سے سب انسپکٹر منظور جاں بحق ہو گیا جبکہ سی ویو کے قریب سے بوری بند لاش ملی ہے۔ کورنگی مہران ٹان میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا گیا۔

گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ کر کے سلمان کو قتل کر دیا اورنگی ٹان میں فائرنگ سے شخص ہلاک ہوا۔ دوسری جانب رینجرز کے آپریشن کے خلاف لائنز ایریا کے مکینوں نے احتجاج کیا۔

احتجاجا پیپلز چورنگی سے صدر پارکنگ پلازہ جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ مظاہرین نے سڑک پر ہنگامہ آرائی کی اور ٹائر جلائے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین نے 2 گھنٹے سے زائد کے وقت تک سڑک کو ٹریفک کے لئے بند رکھا۔