خیبرپختونخوا اسمبلی میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

Khyber Pakhtunkhwa Assembly

Khyber Pakhtunkhwa Assembly

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

اسمبلی میں قرار دار حکومت اوراپوزیشن نے متفقہ طورپر پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں 240 فلسطینیوں کو بےدردی سے شہید کیا، بربریت کی انتہا کرتے ہوئے رمضان المبارک میں معصوم بچوں اورخواتین کو نشانہ بنایاگیا اوراسرائیلی افواج کی حملےکے باعث انسانی المیے نے جنم لیا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطین میں مستقل بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور فلسطین میں اقوام متحدہ کی امن فوج تعینات کی جائے۔

اپوزیشن لیڈر اکرم درانی، عنایت اللہ اور نثارمحمد نے قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، مسلم دنیا کے حکمران القدس اور فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔

صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والی بات درست نہیں، جب تک ہم زندہ ہیں، اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، فوج کا موٹو جہاد فی سبیل اللہ ہے۔