خیبرپختونخوا کے دریاوں میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ

Pakhtunkhwa Flood

Pakhtunkhwa Flood

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے دریائے کابل میں ورسک اور نوشہرہ جبکہ دریائے سندھ میں خیر آباد، دریائے پنج کوڑہ میں دیر اور دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ وارننگ سیل پشاور کے مطابق دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر پانی کا بہاو 33 ہزار 426 کیوسک اور نوشہرہ کے مقام پر 54 ہزار 300 کیوسک ہے۔

دونوں مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر پانی کا بہاو 15 ہزار 144 کیوسک اور دریائے پنج کوڑہ میں دیر کے مقام پر پانی کا بہاو 13 ہزار 254 کیوسک ہے۔ دریائے سوات میں چارسدہ کے مقام پر پانی کا بہاو 24 ہزار 173 کیوسک ہے یہاں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ صوبے کے دیگر تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔