خیبرپختونخوا میں ویکسی نیشن کے باوجود طبی عملہ بدستور کورونا کا شکار

Medical Staff

Medical Staff

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا میں ویکسی نیشن کے باوجود طبی عملہ بدستور کورونا کی زد میں ہے اور اب تک اس وبا سے زندگی کی بازی ہارنے والے ڈاکٹروں کی تعداد 61 ہو گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے سابق ڈی ایم ایس ڈاکٹر خیر محمد برکی کورونا سے جاں بحق ہوگئے۔ ڈاکٹر خیر محمد برکی پشاور کے نجی اسپتال کے کورونا آئی سی یو میں گزشتہ کئی دنوں سے زیر علاج تھے اور گزشتہ رات کو خالق حقیقی سے جاملے۔

ڈاکٹر خیر محمد برکی ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ٹانک اور ڈی ایم ایس لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے عہدوں پر بھی تعینات رہے ہیں۔

گزشتہ روز سوات سے تعلق رکھنے والے سرجن ڈاکٹر عبدالکبیر اور سینیئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد کامل بھی کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبے میں کورونا سے زندگی کی بازی ہارنے والے ڈاکٹروں کی تعداد 61 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق طبی عملے کی تعداد 94 ہوگئی ہے۔ جس میں 15 پیرامیڈیکس، 6 نرسز اور 13 کلاس فور ملازمین بھی شامل ہیں۔