شاہ فیصل ٹائون میں رین ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے شاہراہوں ، گلیوں اور کازویز سے برساتی پانی کی نکاسی یقینی بنا دیا گیا

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور دوران برسات برساتی پانی کی باآسانی بروقت نکاسی کے لئے برساتی نالوں پر قائم تجاوزات اور تعمیرات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے متوقع مزید برسات کی پیش نظر رین ایمرجنسی پلان ترتیب دے کر دوران برسات عوام کو علاقائی مسائل سے پاک ماحول کے قیام اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شاہراہوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ٹائون آفیسر انفرا اسلم پرویز ،ڈپٹی ٹائون آفیسر بی اینڈ آر یاسین مغل ،ڈپٹی ٹائون آفیسر انفارمیشن محمد ارشد اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی موجود تھے نشاط ضیاء قادری نے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنا یا جائے ،گلیوں اور محلوں کے ساتھ ریلولائن کے نیچے آمد و رفت کے لئے قائم انڈر پاسز سے برساتی پانی کی نکاسی کے ساتھ نکاسی آب کا سسٹم قائم کیا جائے۔

اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ نکاسی آب کے حوالے سے قبل ازوقت انتظامات کی وجہ سے شاہ فیصل ٹائون میں برساتی پانی کی باآسانی نکاسی کو یقینی بنا دیا گیا انہوں کے کہاکہ مزید متوقع برسات کے پیش نظر شاہ فیصل ٹائون میں رین
ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا گیا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے دوران برسات عوام کو مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا۔

چیف آفیسر نے کہاکہ متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے اور عوامی مسائل کے بروقت حل کے لئے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل کی جانب سے ٹائون آفس میں مرکزی رین ایمرجنسی سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ دوران برسات 24گھنٹے عوامی خدمات کی انجام دہی کے لئے فعال رہے گا۔

 

Sha Faisal Town

Sha Faisal Town