شاہ زیب قتل کیس : چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا

Shahrukh Jatoi

Shahrukh Jatoi

شاہ زیب قتل کیس میں تفتیشی افسر شوکاز نوٹس کا جواب عدالت میں جمع کرادیا۔شاہ زیب قتل کیس کا چالان بھی عدالت میں پیش کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفی نے تفتیشی افسراورپولیس سرجن کو عمر کے تعین پرغلط رپورٹ پیش کرنے پرشوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔ تفتیشی افسر مبین احمد نے عدالت میں شوکاز نوٹس کا جواب داخل کراتے ہوئے شاہ زیب قتل کیس کا چالان بھی عدالت میں جمع کرایا۔

چالان میں چار ملزمان کو گرفتار جبکہ چار ملزمان کو عدم گرفتار بتایا گیا ہے۔ عدم گرفتار ملزمان میں سے سلمان جتوئی اور فراز بیرون ملک ہیں،جن کی گرفتاری کے انٹرپول سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ چالان میں چارعینی شاہدین سمیت ترپن افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

سرکاری وکیل معروف ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پہلے چالان کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ پولیس سرجن نے عدالت کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہیں کرایا مقدمے کی آئندہ سماعت اٹھائیس فروری کو ہوگی۔