شاہ زیب قتل : شاہ رخ کی عمر کا تعین، میڈیکل بورڈ کا اجلاس جاری

Shahrukh Jatoi

Shahrukh Jatoi

شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر کا تعین کرنے والے میڈیکل بورڈ کا اجلاس جاری ہے۔ کیس کے تفتیشی افسر نے شاہ رخ جتوئی کی تعلیمی اور دیگراسناد میڈیکل بورڈ کو پیش کر دیں۔

شاہ زیب قتل کیس کا مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی نابالغ ہے یا بالغ۔ اس کے تعین کیلئے سات رکنی میڈیکل بورڈ کا اجلاس سروسز اسپتال میں ہو رہا ہے۔ مقدمے کے تفتیشی افسر نے شاہ رخ جتوئی کی تعلیمی اسناد اور برتھ سرٹیفکیٹس میڈیکل بورڈ کو پیش کر دیں۔ دستاویزات میں شاہ رخ کا پاسپورٹ بھی ہے۔

طبی بورڈ میں مزید ایک رکن ڈینٹل سرجن ڈاکٹر شاکرکااضافہ کیا گیا ہے۔ سندھ سروسز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر توفیق کے مطابق چھ رکنی میڈیکل بورڈ میں ایک ڈینٹل سرجن ڈاکٹر مظفر صدیقی پہلے سے موجود تھے لیکن اب ڈاکٹر شاکر کو شامل کرنے کے بعد میڈیکل بورڈ سات ممبران پر مشتمل ہوگیا ہے۔

شاہ رخ جتوئی کا طبی معائنہ چھ فروری کو سروسز اسپتال میں چھ رکنی میڈیکل بورڈ نے کیا تھا۔ جہاں شاہ رخ کے دانتوں کا ایکسرے بھی کیا گیا، جس میں شاہ رخ جتوئی کے بتیس دانت اور چاروں عقل داڑھیں مکمل تھیں۔ سرکاری طور پر رپورٹس کے بارے میں کوئی بات نہیں بتائی گئی ہے۔ میڈیکل بورڈ کے اجلاس کے بعد ہی حتمی رپورٹ سامنے آئے گی۔