علم کے فروغ کے لئے ملک سے دہرے تعلیمی معیار کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ ساجد احمد

کراچی: حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہا کہ علم کے فروغ کے لئے ملک سے دہرے تعلیمی معیار کا خاتمہ کرنا ہوگا ،پڑھا لکھا پاکستان ہی ترقی اور خوشحالی کا محور ہے ایم کیو ایم پاکستان سے جہالت کے خاتمے کی جد وجہد کررہی ہے علم کی جستجو کو بڑھانے کے لئے علم کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی احسن اقدام ہے ان خیالات کا اظہار ایم این اے ساجد احمد نے ایجوکیشنل فرینڈز آف اسکولز کے زیر اہتمام نیشنل گرامر اسکول ملیر میں میٹرک بورڈ کے تحت 2013ء میں نمایاں پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری ،چیئر مین ایجوکیشنل فرینڈز آف پرائیوٹ اسکولز محمد عمر ،پیک کے صدر سید شہزاد اختر ،مظہر اقبال ،نصیر احمد ،سندھ پرائیویٹ اسکولز کے چیئر مین عبدالحمید ،وائس چیئر مین غلام عباس ،قومی وومن کرکٹر ثناء تاج ،تائی کوانڈو ماسٹر نجم خان ،ایسوسی ایشن فار اکیڈمی کے ریجنل ہیڈ معظم افتخار اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں شہر کراچی کے 100سے زائد اسکولوں کے طلباء و طالبات کو نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست قومی اسمبلی ساجد احمد نے مزید کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کی کاوشوں کی بدولت آج سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں نظام تعلیم کی درستگی کے ساتھ درسگاہوں کو بھی بہتر بنا یا گیا ہے سرکاری درسگاہوں کا پیلا اسکول کانسپٹ کا خاتمہ کرکے معیاری اور ماڈل درس گاہوں کا قیام یقینی بنا یا گیا انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم عوام کو کو تعلیم و صحت کی فراہمی کے لئے مسلسل جد وجہد کررہی ہے ملیر ،شاہ فیصل ،لانڈھی اور کورنگی سمیت شہر کے مضافاتی علاقوں میں علم کے فروغ اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے مثالی درسگاہیں اور طبی یونٹس قائم کئے گئے اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے عوام کو ہر سطح پر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں گے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ تحقیق انسان کو شعور کی بلندیوں تک پہنچا دیتی ہے غربت تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی علم ہر غریب اور امیر حاصل کرسکتا ہے انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان میں تعلیم کو عام کرکے ملک سے دہشت گردی لاقانونیت ،وڈیرانہ اور جاگردرانہ نظام کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے نشاط ضیاء قادری نے علم کے فروغ کے لئے پرائیویٹ اسکولز کے کردار کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں جہالت کے خاتمے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہونگے انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ جہالت کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کریں اور اس حوالے سے تعلیمی بجٹ میں اضافہ بھی کیا جائے نشاط ضیاء قادری نے ایجوکیشنل فرینڈز آف پرائیوٹ اسکولزکی انتظامیہ کو تعلیمی میدان میں نمایاں کا رکردگی پر طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی اور انہیں ایوارڈ ز سے نوازنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں ان کی نیک کاوشوں میں ایم کیو ایم کی جانب سے تعاون کا یقین دلا تے ہوئے علمی میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا تقریب سے اپنے خطاب میں ایجوکیشنل فرینڈز آف پرائیوٹ اسکولزکے چیئر مین عمر خان نے ممتاز ماہر تعلیم اور ایجوکیشنل فرینڈز آف پرائیوٹ اسکولزسرپرست اعلیٰ محمد شاہدبھائی (مرحوم ) کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج محمد شاہد کی علم دوست کاوشوں کا ثمر ہے کہ ہمارا ادارہ شہر قائد کے ہونہار طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے شایان شان تقریب کا انعقاد ممکن ہوسکامحمد عمر نے ایجوکیشنل فرینڈز آف پرائیوٹ اسکولزکے بارے میں تفصیل بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہماری ایسوسی ایشن کراچی کے اسکولوں اور تعلیم کے فروغ کے لئے خدمات کی انجام دہی کے ساتھ میٹرک بورڈ کے بیشتر معلومات اور مختلف نوعیت کے فارمز ایسوسی ایشن کے دفاتر سے فراہم کررہا ہے بورڈ آفس کے بیشتر اعلانات بذریعہ SMSاسکول مالکان کو بھیجے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارا اولین مقصد ملک سے جہالت کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ ہے ۔اور انشا اللہ اپنے منتخب نمائندوں کے تعاون سے اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے تقریب کے اختتام پر شہر کراچی کے 100سے زائد اسکولوں کے بچوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔