کے پی کے، بلوچستان اور سندھ اسمبلی اراکین نے حلف اٹھا لیا

Sindh, Khyber Pakhtunkhwa and Balochistan Assembly

Sindh, Khyber Pakhtunkhwa and Balochistan Assembly

کراچی (جیوڈیسک) سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نگران وزرائے اعلیٰ کی تجاویز پر آج طلب کیا ہے۔

سندھ اسمبلی

سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کورٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے بعد کئی ارکان کو پیدل اسمبلی آنا پڑا جس میں حلیم عادل شیخ اور سعید غنی شامل ہیں۔

سندھ اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے اور نومنتخب ارکان سے اسپیکر آغا سراج درانی نے حلف لیا جس کے بعد ارکان اسمبلی کے رجسٹر میں حروف تہجی کے تحت دستخط کریں گے۔

اسمبلی میں تین زبانوں میں حلف برداری کی تقریب ہوئی اور اسپیکر سندھ اسمبلی نے اردو، سندھی اور انگریزی میں حلف لیا۔

سندھ اسمبلی کا ایوان 168 ارکان پرمشتمل ہے لیکن 164 ارکان نے حلف اٹھایا ہے جب کہ ایک رکن پیر فضل شاہ نے قومی اسمبلی کی نشست سےحلف اٹھایا ہے۔

ذوالفقار علی شاہ اور تھر پارکر سے رزاق راہیمو کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے جب کہ پی ایس 87 پر ٹی ایل پی کے امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے۔

پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن اسمبلی فردوس شمیم نقوی کا سندھ اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ نیا پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور پیپلز پارٹی سے مل کر بہتر تبدیلی کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بہتر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، پانی بجلی صحت اور تعلیم کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گی اور کرپشن کے خاتمے کے لئیے جد و جہد جاری رہے گی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی

کے پی کے اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی کی عمارت ریڈ زون قرار دی گئی ہے اور اسمبلی اجلاس کے موقع پر400 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کا وقت ہونے پر گھنٹیاں بجنا شروع ہوگئی تھیں جس کے بعد اجلاس شروع کیا گیا۔

اپوزیشن اراکین نے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا اور اسپیکر اسد قیصر کی غیر موجودگی میں اورنگزیب نلوٹھہ نے نومنتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی سے حلف لیا۔

حلف کے بعد ارکان اسمبلی رولز کے مطابق اسمبلی رجسٹر پر حروف تہجی کے تحت دستخط کیے جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس 15 اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے 112 نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا ہے۔ ایوان میں پیپلزپارٹی کی خاتون رکن نگہت اورکزئی نے پوائنٹ آف آرڈر پر خطاب کرتے میں دھماکے میں اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

اجلاس میں بم دھماکوں میں جاں بحق اکرام اللہ گنڈاپور اور ہارون بلور سمیت دیگر افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

یاد رہے کہ اسد قیصر نے بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھالیا ہے اور وہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اسپیکر کے امیدوار ہیں۔

بلوچستان اسمبلی

بلوچستان اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدرات میں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا جس میں انہوں نے نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب کیاگیا ہے جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔