لاہور : پولیس کی کارروائی 8 دہشت گرد گرفتار

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) سانحہ رسول پارک سمن آباد لاہور میں جیل وراڈن کو ہلاک کرنے والے 4 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔ سی آئی اے لاہور کے مطابق سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے کے اغوا میں ملوث دہشت گرد بھی گرفتار کرلیے گئے۔ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذوالفقار حمید کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ گروپ سے ہے۔

جن کے نام کرامت علی عرف گوشی، ذوالفقار عرف ذلفی، افضل عرف سہیل اور عبدالحفیط ہیں جولائی دوہزار بارہ میں دہشت گردوں نے اچھرہ کے علاقے رسول پارک میں ایک مکان پر حملہ کر دیا تھا۔ جس میں خیبر پختونخواہ سے ٹریننگ کے لئے آئے ہوئے 9 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔ اسی حملے میں زیر تربیت جیل وارڈن راجہ یاسر بھی زخمی ہوئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔

سی آئی اے پولیس نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو اغوا کرنے والے چار اغوا کاروں کو گرفتار کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔ ملزمان نے اکبری منڈی کے شیخ شاہد کو دس کروڑ تاوان کے لیے اغوا کیا تھا۔ ملزمان نے مذہبی اسکالر عرفان نقوی کو بھی اغوا کیا اور تاوان نہ ملنے پر انہیں قتل کر دیا۔