لاہور میں بھتہ مافیا سرگرم، فون پر تاجروں کو دھمکیاں

Lahore

Lahore

لاہور(جیوڈیسک) لاہور میں بھی عیدالفطر سے پہلے بھتہ خور مافیہ سر گرم ہو گیا۔ دو ہفتوں کے دوران شہر کے مختلف تھانوں میں بھتے کے چار مقدما ت درج کر لئے گئے۔ کراچی کے بعد اب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی بھتہ مافیہ نے اپنے قدم جمانا شروع کر دیئے ہیں۔

رواں ماہ کے دوران شہر میں بھتہ کے چار مقدمات مختلف تھانوں میں درج کئے گئے جس میں پہلا اور دوسرا مقدمہ تھانہ شالیمار، تیسرا مقدمہ تھانہ مغل پورہ جبکہ چوتھا مقدمہ تھانہ شاد باغ میں درج ہوا۔ تھانہ شاد باغ میں درج ہونے والے مقدمہ کے مدعی محمد اشرف کا کہنا ہے۔

کہ ندیم نامی اشتہاری انہیں مختلف نمبروں سے فون کرکے دو لاکھ روپے بھتہ مانگ رہا ہے جبکہ پولیس تاحال اسے گرفتار کرنے سے قاصر ہے۔ ملزمان کی جانب سے اشرف کو یہ دھمکی دی گئی ہے کہ اگر بھتہ کی رقم نہ ادا کی گئی تو اس کے بیٹے عمران کو اغوا کر لیا جائے گا۔ شہر میں درج ہونے والے مقدمات میں سے کسی بھی مقدمے کا ملزم گرفتار نہیں کیا جا سکا۔