لاہور کی پرانی انار کلی فوڈ سٹریٹ میں دھماکا، بچی سمیت 5 افراد جاں بحق، 46 زخمی

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہورکی پرانی انار کلی فوڈ سٹریٹ میں دھماکے سے ایک بچی سمیت 5 افراد جاں بحق اور 46 زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو میواسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق دھماکاٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اوراس میں نصف کلو گرام مواد استعمال ہواجبکہ اس کا مقدمہ تھانہ پرانا انارکلی میں درج کر لیا گیا ہے۔

لاہور کی پرانی انارکلی میں رات ساڑھے دس بجے کے بعد اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس سے فوڈ سٹریٹ میں بھگدڑ مچ گئی، کھانے پینے کا سامان ااور دیگر چیزیں چاروں طرف بکھر گئیں، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورریسیکو کی گاڑیاں موقع پرپہنچ گئیں اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو میواسپتال پہنچ دیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ بہت زوردار تھا۔

ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو میو،سروسز اور گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا،اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چھ سالہ سعدیہ 18 سالہ فرحان اور 22 سالہ نامعلوم نوجوان شامل ہیں۔ ادھرڈی آئی جی انویسٹی گیشن چودھری ذوالفقار حمید کے مطابق دھماکہ خیز مواد ہوٹل کے فریزر کیساتھ نصب کیا گیا۔

دھماکہ کم شدت کا تھا ، لیکن دھماکے سے فریزر کا کمپریسر بھی پھٹا جس سے زور دار آواز پیدا ہوئی۔ پرانی انارکلی میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ پرانی انارکلی میں درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل ، دہشت گردی اور ایکسکلیسو ایکٹ کی دفعات لگائی گئی ہیں۔