لاہور: فوڈ اسٹریٹ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار، 7 افراد گرفتار

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں فوڈ اسٹریٹ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی، دھماکے میں 2 سے ڈھائی کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، 7 افراد کو باقاعدہ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع نے ابتدائی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا تاہم دھماکے کی جگہ سے بال بیئرنگ اور ٹائم ڈیوائس کی باقیات نہیں ملیں، زیادہ تر لوگ شیشے اور لوہے کے ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوئے، دھماکہ خیز مواد دیسی ساخت کا تھا۔

جو ماضی میں کریکر حملوں میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ دھماکے کے بعد مختلف علاقوں سے 90 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا جن سے پوچھ گچھ کے بعد 7 افراد کو باقاعدہ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے باجوڑ ایجنسی کے 2 بھائیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔