لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی طرف سے کرایوں میں اضافہ عوام پر بوجھ ہے، میاں کامران سیف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے جوائینٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی طرف سے کرایوں میں اضافہ عوام پر بوجھ ہے ۔ایک سٹاپ سے دوسرے سٹاپ تک کرایہ 13 روپے کی بجائے 16 روپے مقرر کرنے سے روزانہ سفید پوش اور مزدور طبقہ متاثر ہوگا ۔لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی تمام بسیں سی این جی ہیں۔

اس لیے سی این جی ٹرانسپورٹ کا پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی بنیاد پر کرایوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔ اسی طرح 4 کلومیٹر تک کرایہ 35 روپے مقرر کرنا شہریوں کا استحصال ہے کیونکہ حکومت پنجاب نے میٹرو بس کا شاہدرہ سے گجومتہ تک 28 کلومیٹر کا کرایہ 20 روپے مقرر کیا ہوا ہے۔

صرف ایک روٹ پرسفر کرنے والے شہریوں کو سبسڈی اور پورے لاہور میں شہریوں کو ٹرانسپورٹر کے رحم وکرم پر چھوڑنا غلط اقدام ہے میاں کامران سیف نے کہا کہ حکومت پنجاب فی الفور اس طرف توجہ دے اور پورے لاہور میں شہریوں کو کرایوں میں میٹروبس کی طرح سبسڈی دے کر انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔