متروکہ املاک اراضی کیس:ڈی ایچ اے نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک)سیکرٹری ڈی ایچ اے راولپنڈی اسلام آباد نے متروکہ وقف املاک بورڈ سے حاصل شدہ اراضی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ عدالت نے گوردوارہ اراضی منتقلی کیس کی سماعت سات جون تک ملتوی کر دی۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آصف ہاشمی کی حاضری اس کیس میں ناگزیر ہے۔ آصف ہاشمی کے وکیل حامد خان نے بتایا کہ ان کے مکل نے عمرے کے ویزے کیلئے دبئی میں سعودی عرب کے سفارت خانے میں پاسپورٹ جمع کرایا ہوا ہے۔

پاسپورٹ نہ ہونے کے باعث وہ پاکستان نہیں آسکتے۔ سیکرٹری ڈی ایچ اے راولپنڈی اسلام آباد نے متروکہ وقف املاک بورڈ سے حاصل شدہ اراضی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نوید ترین نے بتایا کہ غیر سرکاری کمپنیوں کے دو پتے موصول ہوئے ہیں لیکن ان پر کوئی موجود نہیں۔ کیس کی مزید سماعت 7 جون کو ہوگی۔