جھوٹ اور دھاندلی کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ بہاولپور کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنمائوں نے کہا کہ جھوٹ اور دھاندلی کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا، حکمران اثاثے بیچ کر کب تک حکومتی کاروبار چلائیں گے، بہروپیا حکومت روز گار دینے کی بجائے چھین رہی ہے، چودھری پرویزالٰہی کے 5 سال شریف برادران کے پنجاب پر حکومت کرنے کے 30 سال پر بھاری ہیں، کسانوں، مزدوروں، کلرکوں، اساتذہ، ڈاکٹر وں کی دعائوں سے چودھری پرویز الٰہی ایک بار پھر برسر اقتدار آئیں گے اور ترقی کا رُکا ہوا پہیہ چلائیں گے۔

ورکرز کنونشن کے میزبان ایم این اے طارق بشیر چیمہ تھے۔ کنونشن سے سینئر نائب صدر پنجاب محمد بشارت راجہ، جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری ظہیر الدین، رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ، طارق مجید چودھری، حاجی محمد افضل، مخدوم سید سبطین حیدر بخاری نے خطاب کیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر چودھری نعیم الدین وڑائچ نے چودھری پرویزالٰہی کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل، سابق ایم پی اے چودھری احسان، چودھری اعجاز، چودھری صفدر، اقبال گورائیہ، سردار حسن شاہ اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سینئر نائب صدر پنجاب محمد بشارت راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے عوامی اثاثوں کو بیچے بغیر عوام کو مفت تعلیم اور صحت کی مفت سہولتیں دیں اور جاتے ہوئے 100 ار ب کا سرپلس پنجاب چھوڑا، آج حکمران سرکاری اثاثے بیچ بیچ کر حکومت کا کاروبار چلا رہے ہیں ایسا کب تک چلے گا؟ جو حالات نظر آرہے ہیں برے اس سے کہیں زیادہ ہیں موجودہ حکمرانوں کو جتنا وقت ملا اتنی زیادہ تباہی اور بربادی ہو گی موجودہ حکمرانوں نے 6 سال میں بہاولپور میں 90 کروڑ روپے سے کم خرچ کیے جبکہ چودھری پرویزالٰہی کے 5 سالہ دور حکومت میں طارق بشیر چیمہ کے ذریعے 9 سو کروڑ روپے کی لاگت سے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 32 ارب روپے کی سالانہ سبسڈی سے چلنے والی میٹر وبس کا جنوبی پنجاب کے عوام کو کیا فائدہ؟ گڈ گورننس کا یہ عالم ہے کہ حکمران 6 سال کی بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم نہ پکڑ سکی، سستی گندم خرید کر مہنگی بیچنے والے حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے کاروبار کررہے ہیں، چودھری پرویزالٰہی کے دور کی ہسپتالوں میں ملنے والی مفت دوائیاں بند کرنے کے بعد مفت ٹیسٹوں کی سہولت بھی ختم کردی گئی۔ انہوں نے مسلم لیگ کا نام زندہ رکھنے اور چودھری برادران کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ثابت قدمی کے ساتھ چلنے پر ایم این اے طارق بشیر چیمہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر بیٹھ کر پنکھا ہلانے والوں کو بیس بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر ہمدردی کے دو بول بولنے کی بھی توفیق نہیں مہنگائی نے سفید پوشوں کا بھرم ختم کردیا والدین پیٹ پالنے کیلئے بچے بیچنے پر مجبور ہیں۔

جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری ظہیر الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جان مال عزت کی حفاظت اور روزگار کی فراہمی حکومتوں کی پہلی ذمہ داری ہوتی ہے مگر ان حکمرانوں نے یہ آخری ذمہ داری بھی نہیں سمجھی۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے 5 سال شریف برادران کے پنجاب پر حکومت کرنے کے 30 سال پر بھاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے 5 مرلہ کے گھروں پر ٹیکس معاف کیا اس حکومت نے یہ چھوٹ ختم کردی، چودھری پرویزالٰہی کے عوامی خدمت کے منصوبے آج بھی ریلیف کا باعث ہیں جبکہ سستی روٹی، پیلی ٹیکسی، گرین ٹریکٹر اور فوڈ سپورٹ پروگرام کے منصوبے ان حکمرانوں کی آنکھوں کے سامنے ختم ہو گئے، چودھری پرویزالٰہی دیہات اور شہروں کو ایک ساتھ لیکر چلے، آج دیہات میں دھول اڑ رہی ہے اور کسان پس رہا ہے۔ ممبر قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہروپیا حکومت روزگار دینے کی بجائے چھین رہی ہے، چودھری پرویزالٰہی کے دور کے نامکمل منصوبے تاحال بند پڑے ہیں نقصان عوام اور خزانے کا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چولستان، چولستانیوں کا ہے چودھری پرویزالٰہی اقتدار میں آکر مالکانہ حقوق دیں گے اور محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لٹیرے حکمرانوں نے عوام کی زندگیوں میں زہر گھول دیا ہے، صوبائی ونگز کے راہنمائوں شیخ عمر حیات، ذوالفقار پپن، سجاد بلوچ، ملک فراز اعوان نے بھی ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔