لانگ مارچ سے حکومت گرا کر دکھاؤں گا: بلاول بھٹو

 Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ لانگ مارچ سے حکومت گرا کر دکھائیں گے۔

یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا مطالبہ ہے کہ ہم اس حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلیں اور ہماری سی ای سی نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم 27 فروری کو حکومت کیخلاف نکلیں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوری طریقے سے حکومت کو نکالنے کی بات کی تھی ،ہم نے تحریک عدم اعتماد کی بات بھی کی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سینیٹ میں فی الحال مطلوبہ تعداد پوری نہیں۔

بلاول نے کہا کہ آئین اورقانون میں ایمرجنسی کی کوئی گنجائش نہیں،صدارتی نظام کا شوشہ ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کے مترادف ہے۔

قتل کے مجرم شاہ رخ جتوئی کے کئی ماہ تک جیل کے بجائے اسپتال میں مزے اُڑانے کے معاملے پر بولے کہ شاہ رخ جتوئی سمیت کسی بھی قیدی کو علاج کا حق ہے،وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر صحت نے شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں عوام دشمن منی بجٹ کو زبردستی پاس کروایا ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے ایوان کے اندر اور باہر منی بجٹ پر احتجاج کیا،ہم سےوعدہ کیا گیا تھا کہ کچھ اشیا پرٹیکس نہیں لگایا جائےگا وہ بھی غلط نکلا۔

انہوں نے کہا کہ منی بجٹ بھی رات کے اندھیرے میں پاس کیا گیا اور اسٹیٹ بینک بل بھی ایوان سے زبر دستی منظور کروایا گیا جس کے بعد اب اسٹیٹ بینک پارلیمینٹ کو جوابدہ نہیں ہوگا۔