لیاری میں رینجرز، پولیس کی کارروائی،8 ملزمان گرفتار، جدید اسلحہ برآمد

Lyari Rangers

Lyari Rangers

کراچی (جیوڈیسک) لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ لیاری کے 5 مختلف مقامات پر رینجرز اور پولیس مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کلاکوٹ، نواں لین، بہار کالونی، بکراپیڑی اور شاہ بیگ لین میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران لیاری گینگ وار کے ملزمان سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں جاوید گنڈا، شاکر ملا، وقاص ذیشان شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔

گذشتہ کئی روز سے لیاری گینگ وار کے مختلف گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجہ میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔ لیاری میں کشیدگی برقرار ہے ،جبکہ علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ گرفتار کئے گئے ملزمان کے قبضے سے ،دستی بم ،راکٹ لانچر سمیت جدید اور ممنوعہ بور کے ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔