ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

 Eid Milad-un-Nabi

Eid Milad-un-Nabi

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سید المرسلین اور آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا جشن آج ملک بھر میں عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

پاک فوج کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کریں گے جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام بھی خطاب کریں گے جن میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیان کی جائے گئی۔

جشن عید میلاالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر ساڑھے 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں۔

جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم اپنے رسول مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یومِ ولادت یعنی ”عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم“ نہایت شایانِ شان طریقے سے ملک بھر میں منائیں گے، صبح صدرِ مملکت ایک تقریب کی میزبانی کریں گے جب کہ مجھے سہ پہر میں کنونشن سینٹر میں یہ بابرکت دن منانے کا شرف حاصل ہو گا، انشاءاللہ!