دینہ کی خبریں 20/1/2018

Dina Motorcycles

Dina Motorcycles

دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے) دینہ منگلا روڈ پر بڑے بڑے پلازوں کے باہر موٹر سائیکلوں کی بھرمار نے ٹریفک کے نظام کو در ہم برہم کر کے رکھ دیا ،پوری منگلا روڈ پر موٹرسائیکلوں کی لمبی لائنوں کی وجہ سے منگلا روڈ کی ٹریفک گھنٹوں جام رہتی ہے ،منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو نے لگا ،ٹریفک پولیس اہلکار بھی خاموش تماشائی بن کر رہ گئے ،پارکنگ سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ۔تفصیلات کے مطابق دینہ شہر کی مصروف ترین منگلا روڈ جوکہ کشمیر کا گیٹ وے روڈ بھی کہلواتی ہے صبح ہوتے ہی بڑے بڑے پلازوں کے باہر موٹرسائیکلوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ جاتی ہیں جس میں دوکاندار حضرات اپنی موٹرسائیکلیں روڈ پر ہی کھڑی کر کے اپنی دوکانوں میں چلے جاتے ہیں جس سے منگلا روڈ کی ٹریفک کا نظام بھی در ہم برہم ہو کر رہ جاتا ہے اور شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،رہی سہی کسر چنگ چی رکشہ والے جو روڈ کے درمیان ہی سواریوں کے چکر میں رکشے کھڑے کر دیتے ہیں نے نکال دی ،جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح خراب ہو جاتا ہے لوگ گھنٹوں گاڑیوں میں پھنسے رہتے ہیں ٹریفک پولیس اہلکار بھی اس سلسلہ میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں شہرکے عوامی سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم ،چیئر مین بلدیہ دینہ سے اپیل کی ہے کہ پلازوں کے باہر کھڑے موٹرسائیکلوں کو پارکنگ سٹینڈ مہیا کروایا جائے تاکہ منگلا روڈ کی ٹریفک بحال رہ سکے اور پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
————-
—————
دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے) دینہ میں گیس سلنڈر کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں ،بدستور گھریلو سلنڈر 1400روپے میں فروخت ہو رہا ہے ،غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ، 2وقت کی روٹی کمانے والوں کے لئے سلنڈر خریدنا مشکل ہو گیا ،انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق دینہ میں بدستور گیس ڈیلروں کی من مانیاں عروج پر ،گھریلو سلنڈر 1400روپے میں فروخت ہو رہا ہے جو غریب عوام کی قوت خرید سے باہر ہے مہنگے داموں سلنڈر کی فروخت سے غریب پریشان ہو کر رہ گیا ،مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے اور اب سلنڈر کے ریٹ میں اضافے سے غریب عوام کے چولہے بھی بجھنے لگے،شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے اپیل کی ہے کہ مہنگے داموں سلنڈر فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب شہری کی گیس سلنڈر تک رسائی ہو سکے ۔
————-
—————

Dina

Dina

دینہ ( جمیل احمد کھٹانہ سے) دینہ کے نواحی علاقہ میں ڈاکو راج ،17مسلح ڈاکوؤں کا 4گھروں پر دھاوا ، برطانوی پلٹ شخص سمیت اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر لاکھو ں کی نقدی ،لاکھوں روپے کے طلائی زیورات ،450برطانوی پونڈ ،800یورو ،لائسنسی اسلحہ سمیت دیگر قیمتی اشیاء کی لوٹ مار کے بعد بڑی دلیری کے ساتھ چاروں گھروں کے اہل خانہ اور راہگیروں کو دور لے جا کر ایک حویلی کے کمرے میں بند کر دیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلحہ تھا ، 15پر بروقت کال کی گئی پر کسی نے فون نہ اُٹھایا،پولیس واردات کے کئی گھنٹوں بعد پہنچی،علاقہ میں شدید خوف وہراس ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پونے 9بجے کے قریب دینہ کے نواحی علاقہ تھانہ منگلا کی حدود موٹہ شرقی میں ڈاکوؤں کا راج ،17کے قریب مسلح ڈاکو گاؤں میں داخل ہو گئے اور بڑی دلیری کے ساتھ 4گھروں پر دھاوا بول دیا ،ڈاکو محمد ظہو ر ولد منظور حسین کے گھر داخل ہوئے اور برطانوی پلٹ شخص محبوب حسین سمیت دیگر اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے گھر میں پڑے ساڑھے 4لاکھ نقدی ،لاکھوں روپے مالیت کے 15تولے زیورات ،400برطانوی پونڈ ،800یورو لوٹ لیئے ،اسی طرح ڈاکو چوہدری زاہد ولد محمد یوسف کے گھر داخل ہوئے اور گھر کے صحن میں بیٹھے 13افراد اور اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا لیا اور لوٹ مار شروع کر دی جس سے ڈاکوؤں نے گھر میں پڑی20ہزار نقدی ،ایک عدد انگوٹھی ،ایک عدد پسٹل 30بور ،ایک رائفل ایم ایم لائسنسی لوٹ لی اس کے بعد ڈاکوؤں نے راہگیر ذاکر حسین ولد عبدالعزیز کو یرغمال بنا کر اسے اس کے گھر لے گئے جہاں انھوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا نے کے بعد لوٹ مار شروع کر دی اور گھر میں پڑی 50ہزار کی نقدی ،3جوڑی سونے کی بالیاں لوٹ لیں اور بعد زاکر حسین کو کہا کہ سامنے گھر سے اپنے ہمسائے کو بھلاؤ ہمیں پیسے کی سخت ضرورت ہے مگر وہ بچ گیا اس کے بعد ڈاکو غلام عباس ولد باغ علی کے گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہو گئے اور اہل خانہ کو یرغمال بناکر ان سے 13ہزار نقدی سونے کی بالیاں لوٹ لیں ،بتایا جاتا ہے کہ ڈاکو ؤں کے پاس جدید قسم کا اسلحہ تھا ،ڈاکو تمام گھروں میں لوٹ مار کرتے رہے اور ساتھ ساتھ تمام گھروں کے اہل خانہ کو دور لے جا کر متاثرہ شخص غلام عباس کے گھر کے کمرے میں بند کرتے رہے ،لوٹ مار کے دوران مذمت کرنے والوں کو ڈاکوؤں نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا ،ڈاکو پوری کاروائی کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،پولیس واردات کے کئی گھنٹوں بعد موقع پر پہنچی ،علاقہ میں شدید خوف وہراس ۔

—————————-
—————————-

دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے) دینہ کے نواحی علاقہ ڈومیلی میں 11سالہ طالب علم کے ساتھ زیادتی کی کوشش ،شور مچانے پر ملزم فرار ،پولیس تھانہ ڈومیلی نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ کے نواحی علاقہ جھنگ کھوکھراں کے رہائشی شہراز حسین ولد محمد افسر نے پولیس تھانہ ڈومیلی میں درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ میں اور محمد صغیر ولد سخی محمد اپنے گھر میں موجود تھے کے میرا بھانجا محمد ابراہیم ولد شفقت سکنہ جھنگ کھوکھراں نے آ کر مجھے بتایا کہ میں محمد ریاض ولدعنایت سکنہ ڈومیلی کی دوکان پر گیا تو اس نے مجھے دوکان کے اندر بُلا لیا اور غلط کام کے لئے اکساتے ہوئے گود میں بِٹھا لیا جس نے میرے ساتھ بد فعلی کرنے کی کوشش کی میرے شور مچانے پر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور میں بھاگ کر گھر آ گیا محمد ریاض نے میرے بھانجے کے ساتھ بد فعلی کی کوشش کر کے سخت زیادتی کی ہے لہذا اس کے خلاف کاروائی کی جائے جس پر پولیس تھانہ ڈومیلی نے مدعی شہراز حسین کی درخواست پر ملزم محمد ریاض کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ۔
—————————-
—————————-

دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے) دینہ میں قصابوں کی من مانیاں عروج پر ، پانی لگے موٹے گوشت کی مہنگے داموں فروخت جاری ،وزن میں اضافے کے لئے گوشت کو پانی لگا کر قصاب اپنی جیبیں بھرنے کے لئے عوام کو لوٹنے لگے جبکہ گوشت کو نرخوں سے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے انتظامیہ نے چپ سادھ لی ،شہریوں کا کاروائی کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق دینہ کے قصابوں نے عوام کو لوٹنے کے لئے کمر کس لی ،موٹے گوشت کا وزن بھڑھانے کے لئے اسے پانی لگانے لگے اور عوام میں فروخت کرنے لگے اس کے علاوہ موٹے گوشت کے جاری کردہ سرکاری ریٹ کی خلاف ورزی بھی کی جارہی ہے اور گوشت کو مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے ،موٹے گوشت کا ریٹ 280روپے کلو ہے جسے 350روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے تکرار کرنے پر قصاب عوام کے گلے پڑھ جاتے ہیں اور بد تمیزی کرتے ہیں مگر انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کرنے سے گریزاں ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پانی ملے گوشت کو چیک کیا جائے اور مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔