ارکان اسمبلی بجلی چور واپڈا اہلکاروں کو گرفتار کرائیں

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں بجلی چوری کے معاملے پر پوائنٹ آف آرڈر کا جواب دیتے ہوئے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا کہ وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی صوبے کو بدنام کر رہے ہیں۔ ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بندوق کی نوک پر بجلی چوری کی جا رہی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ واپڈا کو پنجاب میں 6 ارب اور سندھ میں ساڑھے 6 ارب روپے نقصان کا سامنا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں سب سے کم ساڑھے 3 ارب روپے کے لائن لاسز ہیں۔ وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ عابد شیر علی کا بیان قابل مذمت ہے۔

وفاقی ادارے مشاورت کے بغیر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ جبکہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ واپڈا اہلکار اپنی چوری چھپانے کیلئے شیڈول سے ہٹ کر بجلی بند کر دیتے ہیں۔ ارکان اسمبلی ایسے اہلکاروں پر نظر رکھیں اور انہیں گرفتار کرائیں۔ دوران اجلاس اپوزیشن ارکان اساتذہ کی سیاسی بنیادوں پر تقرریوں اور تبادلوں کے خلاف واک آوٹ کرگئے۔