پارہ چنار خود کش حملے پر این جی پی ایف کا تعزیتی اجلاس، شہدأ کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی

کراچی : شہر میں بارود سے بھری گاڑیوں اور خود کش حملہ آوروں کے داخلے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ سکھر میں آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردانہ حملے اور پارا چنار کے مین بازار میں خود کش حملوں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد کی ہلاکت کے افسوسناک و تشویشناک واقعات کے بعد کراچی میں بارود سے بھری گاڑیوں اور خود کش حملہ آوروں کے داخلے کی اطلاعات انتہائی فکر انگیزو تشویشناک ہیں۔

کیونکہ ماہ رمضان کی آد کے ساتھ ہی بھتے، چندے اور فطرے کیلئے جاری مذہبی و سیاسی جماعتوں اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان جاری چپقلش کی وجہ سے روزانہ دودرجن سے زائد شہری مختلف واقعات میں ناحق اپنی جان سے جارہے ہیں اور حکومت و متعلقہ ادارے عوام کو تحفظ کی فراہمی میں بے بس و ناکام دکھائی دے رہے ہیں ان حالات میں جبکہ 21 رمضان کو ”یوم علی ” منایا جائے گا اور جلسے و جلوس منعقد کئے جائیں گے۔

خود کش حملہ آوروں کی کراچی میں داخلے کی خبریں آنے والے برے وقت کی نشاندہی کررہی ہیں اس لئے حکومت اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کو یکجا و متحد ہوکر کسی بھی بڑے اور برے سانحہ سے محفوظ رہنے اور عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا اللہ تعالیٰ کراچی اور اس کے عوام کو اپنی امان میں رکھے۔