مشرف پرحملے کی اطلاع دینے پر آئی ایس آئی کے سربراہ آج عدالت طلب

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت نے پرویز مشرف پر حملے کی اطلاع دینے پر آئی ایس آئی کے سربراہ کو آج دوپہر ایک بجے بریفنگ کے لیے طلب کرلیا، سیکریٹری داخلہ نے خط ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کو پہنچا دیا۔ سنگین غداری کیس کی سماعت آج پھر ہوگی۔

گزشتہ سماعت میں خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے پرویز مشرف پر حملے کاخدشہ ظاہر کرنے والی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کو جمعرات کی دوپہر ایک بجے اپنے چیمبر میں طلب کیا تھا، عدالت نے وزارت داخلہ کو بھی ہدایت جاری کی تھی کہ وہ اس ایجنسی کا پتہ لگائے جس کی جانب سے سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق عدالت کے حکم پر وزارت داخلہ نے معلومات حاصل کیں تو علم ہوا کہ کرائسز مینجمنٹ سیل کو پرویز مشرف کی جان کو لاحق خطرات کے بارے میں انٹیلی جنس رپورٹ آئی ایس آئی نے فراہم کی تھی، جس پر وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کو خط لکھا کہ عدالتی حکم کے پیش نظر وہ خصوصی عدالت میں اس سیکیورٹی الرٹ کی وضاحت کریں جو پرویز مشرف کی پیشی سے ایک روز پہلے جاری کیا گیا تھا، سیکریٹری داخلہ کی جانب سے لکھا گیا خط ڈی جی آئی ایس آئی کو پہنچا دیا گیا۔