نواز شریف سے چین کے مالی اداروں کے سربراہوں کی ملاقات

Nawaz Sharif - China Leaders

Nawaz Sharif – China Leaders

بیجنگ (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے چائنا ڈیولپمنٹ بینک اور چائنا انویسٹمنٹ کارپوریشن کے صدور سے ملاقات کی ہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں چین کا تعاون چاہتے ہیں، ملک میں توانائی پالیسی کا جلد اعلان کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف چین کے 5 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، چائنا ڈیولپمنٹ بینک کے صدر سے ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین کی معاشی ترقی کے تجربے سے استفادہ حاصل کرناچاہتے ہیں۔

معیشت کی بحالی اولین ترجیح ہے ،اس موقع پر صدرچائنا ڈیولپمنٹ بینک نے معدنیات اور ٹیلی کمیونیکشن کے شعبے میں مزید 3.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ اجلاس میں بینک نے اوگرا کی جانب سے کوئلے اور ونڈ انرجی منصوبوں پر لگائے گئے ٹیرف کی شکایت کی جس پر وزیر اعظم نے تمام رکاوٹیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نواز شریف سے چائنا انویسٹمنٹ کاپوریشن کے صدر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی،ٹیلی کیمونیکیشن سمیت مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے پہلے ایگزم بینک کے صدر سے ہونے والی ملاقات میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ ایگزم بینک پاکستان میں سرمایہ کاری میں دل چسپی رکھنے والی کمپنیوں کو سرمایہ فراہم کرے گا۔