نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کی سعودی حکومت سے تعزیت

کراچی : نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے وفد کی سعودی قونصلیٹ جنرل سے ملاقات سعودی شہزادے کے انتقال پر اظہار تعزیت ۔ تفصیلات کے مطابق عمران چنگیزی ‘ محمد فاروق قریشی ‘ ڈاکٹر سکندر شیخ ‘ارشد انور ‘ ڈاکٹر محمد عارف ‘ تحقیق احمد خان ‘ تحسین کمال اورمحمد حسین خان پر مشتمل نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے آٹھ رکنی وفد نے سعودی قونصلیٹ جنرل فالیح محمد الروحیلی سے ملاقات کی۔

اور طویل عرصہ سے علیل سعودی شہزادے بندر بن عبدالعزیز کے انتقال پر اظہار افسو س کرتے ہوئے سعودی حکومت کے نام تعزیتی پیغام دیا ۔ اس موقع پر سعودی قونصلیٹ جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے این جی پی ایف کے وفد نے اس بات کا اقرار کیا کہ سعودی عرب دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں قوانین کی پاسداری ‘ احترام اور ان پر سو فیصد عملدرآمد کا نظام اور ہر شہری کو حال و مستقبل دونوں کا تحفظ حاصل ہے۔

اس موقع پر این جی پی ایف کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد بھی پاکستان میں آئین و قوانین کی حکمرانی’صنعتی و تجارتی ترقی’ معاشی خوشحالی’ امن و امان اور انصاف و مساوات کے قیام کے ذریعے وطن عزیز کے ہر شہری کے مستقبل اور معاشرے کو ہر قسم کی برائیوں سے محفوظ بنانا ہے تاکہ ہر پاکستانی امن و سکون کی فضا میں خوشحالی و آسودگی سے اپنے حال کو خوشحال اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بناسکے۔